حیدرآباد 4 اکٹوبر ( این ایس ایس ) حکومت بہت جلد ایریا ہاسپٹلس میں ڈائیلاسیس مراکز اور انتہائی نگہداشت کے مراکز قائم کریگی اور ضلع ہاسپٹلس میں کینسر یونٹس بھی قائم کی جائیں گی ۔ ان سہولتوں سے گاووں ‘ ٹاؤنس اور اضلاع کے عوام کو بہتر نگہداشت صحت کی سہولیات دستیاب ہوسکیں گی ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈ نے آج پرگی منڈل میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایک کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ دواخانوں میں نگہداشت صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے تیز رفتار اقدامات کئے جاسکیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مقامی دواخانوں میں بستروں کی سہولت ‘ ڈاکٹرس و اسٹاف کے تقرر اور ادویات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر دواخانوں میں بستروں کی سہولت میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہتر طبی خدمات کی فراہمی کیلئے بہت جلد ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کا تقرر عمل میں لایا جائیگا ۔