ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل کی اراضی سے ناجائز قبضہ جات برخاست کرنے کا اعلان

دواخانہ کی ترقی و عصری سہولتوں کے لیے رقمی منظوری ، ڈاکٹر اے راجیا ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کا دورہ
حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ایس راجیا نے آج ایرہ گڈہ میں واقع ذہنی معذورین سے متعلق ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وہاں مریضوں کے علاج سے متعلق سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جو وزارت صحت کا قلمدان بھی رکھتے ہیں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ دواخانہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کی بہتری کیلئے فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ بہتر علاج کی فراہمی اور بنیادی طبی سہولتوں کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ کسی بھی مسئلہ کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے تو وہ مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ ذہنی معذورین سے متعلق اس ہاسپٹل کی اراضی پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں جن کی برخواستگی کے ذریعہ دواخانہ کی توسیع کا کام انجام دیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر راجیا نے تیقن دیا کہ اراضی پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے اقدامات کئے جائیں گے اور انہیں حقیقی مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دواخانہ کی اراضی پر 78 غیر مجاز قابضین نے قبضہ کررکھا ہے اور ان کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ریونیو اور بلدی عہدیداروں کی جانب سے اراضی کا جامع سروے کرتے ہوئے اس قیمتی اراضی کا تحفظ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر راجیا نے بتایا کہ مینٹل ہاسپٹل کی ترقی اور عصری آلات کے حصول کیلئے 3.8کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے فوری طور پر 80 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ہاسپٹل کے پوسٹ گریجویٹ طلباء کیلئے ہاسٹل کی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے ہاسپٹل کی صیانت اور غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے ہاسپٹل کے روبرو پولیس آؤٹ پوسٹ کے قیام کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی سے بات چیت کریں گے۔