ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل سے 10 قیدی فرار

ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل سے 10 قیدی فرار
پولیس کی سخت تلاشی کے بعد 8 قیدیوں کو دوبارپکڑ لیا گیا
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل سے رات دیر گئے تقریباً 10 زیردریافت قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ آکسیجن گیس سلینڈ کی مدد سے دیوار میں نقب کرتے ہوئے ان قیدیوں نے راہ فرار اختیار کی۔ تاہم چند گھنٹوں کی کڑی مشقت کے بعد پولیس نے 8 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا تاہم مزید چار قیدی ہنوز پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے قیدیوں نے منصوبہ بند طریقہ سے یہ کارروائی انجام دی۔ ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل کے میل وارڈ کی ایک دیوار میں نقب زنی کرتے ہوئے قیدی فرار ہوگئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایک قیدی کی بیوی کل ملاقات کے لئے آئی تھی جس کے بعد یہ کارروائی انجام دی گئی اور قیدی جو پولیس کی گرفت سے باہر ہے اپنی بیوی کے ساتھ فرار ہوگیا۔ کل رات پیش آئے اس واقعہ کے بعد جو سکیورٹی گارڈس کی موجودگی میں پیش آیا۔ شہر بھر میں پولیس نے ریڈ الرٹ کردیا تھا اور شہر سے باہر جانے والے ہر راستہ پر ناکہ بندی کردی گئی تھی بس اسٹانڈ ریلوے اسٹیشن، پارکس اور بڑے تفریحی مقامات کے علاوہ بیرون ریاست روانہ ہونے والی خانگی بسوں کے مقامات پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی تھی۔ قیدیوں کی ذہنی حالت خراب ہونے کے سبب انھیں ایرہ گڈہ منٹل ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا۔ جن قیدیوں کو گرفتار کرلیا گیا ان میں کنکیا، ناگا راجو، گوپال اور بالیا شامل ہیں۔ جبکہ جیوارتنم، تروملیش، باسط حسین، فہیم الدین اور سوامی ہنوز پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ پولیس کی جانب ے فرار قیدیوں کی شدت سے تلاش جاری ہے۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ پولیس نے 8 قیدیوں کو گرفتار کرلیا اور تین کی تلاش جاری ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس سازش میں شامل خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اصل سرغنہ قریشی پولیس کی گرفت سے باہر ہے جو اپنی بیوی کے ساتھ فرار ہوگیا۔