ایرپورٹ کے قریب 50 ایکڑ اوقافی اراضی لیز پر دینے کی تیاری

وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے انتظامات، عہدیداروں نے اراضی کا تفصیلی معائنہ کیا
حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے قریب 50 ایکر اوقافی اراضی کو لیز پر دینے کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ حکومت نے جن 11 اوقافی جائیدادوں کو لیز پر دینے کی اجازت دی ہے اس میں درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف کے قریب مامڑ پلی ولیج میں 50 ایکر اراضی موجود ہے جو سروے نمبر 99/1 کے تحت ہے۔ یہ اراضی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت نے وقف بورڈ کے حوالے کی تھی اور اسے ایر پورٹ کی تعمیر میں استعمال کی گئی اوقافی اراضی کے متبادل کے طور پر الاٹ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمرجلیل، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں نے آج چیف ایکزیکیٹو آفیسر منان فاروقی اور دوسروں کے ہمراہ اس اراضی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ اس قیمتی اراضی کے تحفظ کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور جی پی ایس سسٹم کے ذریعہ حدود کا تعین کیا جائے۔ عہدیداروں نے حدود کے تعین کے بعد کمپاونڈ وال کی تعمیر اور کسی ماہر ادارہ کے ذریعہ ڈیولپمنٹ پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے کے خاں، عمر جلیل اور محمد سلیم نے حکومت کی جانب سے اجازت دی گئی دیگر جائیدادوں کے تنازعات کی فوری یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے 16 جنوری 2017 کو جی او ایم ایس (1) کے ذریعہ 11 اوقافی جائیدادوں کو 30 سالہ لیز پر دینے کی وقف بورڈ کو اجازت دی ہے۔ وقف ریکارڈ کے مطابق درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ کے تحت 2138 ایکر اراضی موجود ہے جس میں 1500 ایکر اراضی ایر پورٹ کی تعمیر میں استعمال کی گئی۔ اس کے علاوہ پیپر ملز اور دیگر اداروں کو حکومت کی جانب سے اراضیات الاٹ کی گئی ہیں۔ ایر پورٹ کی تعمیر کے دوران رن وے پر آنے والی مسجد عمر فاروقؓ کو شہید کیا گیا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ اس اراضی کے متولی ہز ایکسلینسی نظام آف حیدرآباد ہیں۔ مذکورہ 50 ایکر کو ڈیولپ کرنے کا مسئلہ بورڈ کے حالیہ اجلاس میں زیر غور آچکا ہے۔ عہدیداروں نے آؤٹر رنگ روڈ پر درگاہ حضرت راج دار حسین ؒ کی ایک ایکر اراضی کا بھی معائنہ کیا۔ بیشتر اراضی فلائی اوور اور سڑک کی توسیع میں استعمال کی گئی ہے۔ اراضی کا معاوضہ حاصل کرنے کیلئے وقف بورڈ مساعی کرے گا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ شمس آباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں موجود اوقافی اراضیات کا جائزہ لیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرپورٹ کے مالک جی ایم آر کمپنی کو وقف اراضی کے سلسلہ میں نوٹس دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہر وکلاء سے مشاورت کے بعد ہی یہ کارروائی شروع کی جائے گی۔