ایرپورٹ شعبہ میں 12.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہندوستانی ایرپورٹ شعبہ بارہویں پنچ سالہ منصوبہ کے دوران توقع ہے کہ 12.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جب کہ اس میں خانگی شعبہ کے 9.3 ارب ڈالر بھی شامل ہوں گے ۔ مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی اجیت سنگھ نے آج یہاں حیدرآباد میں یہ بات بتائی ۔ ’ انڈیا ایویشن 2014 ‘ کے موقع پر افتتاحی خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ہندوستان کو شہری ہوا بازی کے میدان میں دنیا کا نواں بڑا ملک بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020 تک ہندوستان میں 236 ملین مقامی اور 85 ملین بین الاقومی مسافرین فضائی سفر کرسکیں گے ۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی ہوا بازی صنعت نے کافی ترقی کی ہے

تاہم ہوا بازی کے میدان میں ملک کو مزید ترقی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں پہلا ایرو اسپیس خصوصی معاشی زون پراجکٹ سو ایکڑ پر محیط ہے جو کہ ایرو اسپیس نیوکلیر اسپیس اور دفاعی شعبہ کی ضرورت کو پورا کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نئے ایر پورٹس کی ترقی کے لیے ایک سیول ایویشن بورڈ کے قیام پر غور کررہی ہے ۔ اشوک لاواسا سکریٹری سیول ایویشن نے کہا کہ ایر لائنس کو مختلف علاقوں سے مربوط کرنے کے لیے ریاستی حکومت کو اہم رول ادا کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ریاستوں کو اے ٹی ایف کے ٹیکس اسٹرکچر پر غور کرنا چاہئے ۔۔