واشنگٹن ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی تاریخ میں آج اس وقت ایک نئے باب کا اضافہ ہوا جب وائیٹ ہاؤس میں ایک کلیدی عہدہ پر فائز ہندوستانی نژاد راج شاہ کو صدارتی طیارہ ایرفورس ون پر بھی اخباری نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی اور اس طرح راج شاہ ایسے پہلے ہندوستانی نژاد امریکی شہری بن گئے ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔ 33 سالہ راج شاہ نے اپنی یہ خدمات پرنسپل ڈپٹی پریس سکریٹری کی حیثیت سے انجام دیں جو ایک ایسی کامیابی ہے جس کی جانب انہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گامزن کیا۔ مسوری روانہ ہوتے وقت ٹرمپ نے شاہ کو بھی اپنے ساتھ ہی رکھا جہاں وہ مڈل کلاس ٹیکس ریلیف اور بزنس ٹیکس ریلیف کے موضوعات پر تقاریر کریں گے۔ سینٹ لوئی کی طرف عازم سفر ہونے کے دوران شاہ نے، جن کے بارے میں اب یہ بھی کہا جارہا ہیکہ وائیٹ ہاؤس پریس آفس میں اب تک کے سب سے اعلیٰ درجہ رکھنے والے ہندوستانی نژاد امریکی شہری ہیں، نے اپنے ہمراہ سفر کرنے والے صحافیوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جس کیلئے انگریزی کی اصطلاح ’’گیگل‘‘ کا استعمال کیاگیا جو رسمی بات چیت کیلئے استعمال کی جاتی ہے حالانکہ یہ بات چیت سرکاری ریکارڈ میں شامل ہوتی ہے لیکن صحافیوں کو ویڈیوگرافی کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اپنے ابتدائی ریمارکس میں شاہ نے کہا کہ ہم صدر موصوف کے ریمارکس کے منتظر ہیں جو شائد سینٹ چارلس میں منظرعام پر آسکتے ہیں جہاں موصوف مڈل کلاس ٹیکس ریلیف اور بزنس ٹیکس ریلیف کے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ شاہ کی پیدائش 1984ء میں ہوئی تھی۔ ان کے والدین گجراتی ہیں جو 1970ء کے دہے میں شکاگو منتقل ہوگئے تھے تاہم بعدازاں شاہ کے والدین کنکٹی کٹ چلے گئے جہاں شاہ کی پیدائش اور نشوونما ہوئی۔