سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوؤں میں اہم دستاویزات ضبط : ارون جیٹلی
نئی دہلی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے واضح کیا ہیکہ ایرسل ۔ میگزیس معاملت میں کسی بھی خاطی کو بخشا نہیں جائے گا۔ خواہ کوئی کتنا ہی طاقتور اور بااثر کیوں نہ ہو، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جیٹلی نے جو اس مسئلہ پر لوک سبھا میں بیان دے رہے تھے ایرسیل ۔ میگزیس معاملت پر مزید کہا کہ ’’اس ماملہ پر ہمارے پاس کوئی مقدس گائے نہیں ہے جس کا تحفظ کیا جائے‘‘۔ جیٹلی نے کہا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ کے دھاوؤں میں چند دستاویزات دستیاب ہوئے ہیں جن کی تنقیح کی جارہی ہے جس کے بعد چارج شیٹ پیش کی جائے گی۔ لوک سبھا میں آج ایرسل ۔ میگزیس مسئلہ پر فی الفور سی بی آئی تحقیقات کرنے کے مطالبات کئے گئے۔ آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے ارکان نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کے فرزند اس معاملت میں ملوث ہیں اور دعویٰ کیا کہ اس معاملت کا 2G اسکام سے تعلق ہے۔ اس مسئلہ پر خصوصی بحث کے دوران ٹی جے وینکٹیش (انا ڈی ایم کے) نے ڈی ایم کے کے دو سابق وزراء اور یو پی اے II کے وزیرفینانس کا متعدد مرتبہ نام لیا۔
تاہم اسپیکر سمترا مہاجن نے اس کی اجازت نہیں دی۔ وینکٹیش نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی، کالادھن بے نقاب کرنے کے وعدہ کی بنیاد پر برسراقتدار آئے تھے لیکن ان کی حکومت نے ایرسل میگزیس معاملت کے پس پردہ کار فرما افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کیا حالانکہ آزاد ہندوستان کے سب سے بڑے اور رسوائے زمانہ 2G اسکام سے اس معاملت کا گہرا تعلق ہے۔ تاہم کانگریس اور بائیں بازو ارکان کی شدید نعرہ بازی کے درمیان اسپیکر سمترا مہاجن نے اس بحث کو روک دیا اور کہا کہ انہیں بی جے پی لیڈر بھرتروہاری مہتاب نے مسئلہ پر بحث نوش موصول ہوئی ہے اور وہ اس کی اجازت دے رہی ہیں۔ کانگریس اور بائیں بازو کے ارکان نے ایک ایسے وقت جب صدر پرنب مکرجی کے خطبہ پر تحریک تشکر پر ایوان میں بحث جاری رہنے کے دوران ایرسل ۔ میگزیس مسئلہ پر بحث کے فوری آغاز کے خلاف احتجاج کیا۔
کانگریس کے ارکان کو احتجاج کے دوران نعرہ بازی کرتے ہوئے دیکھا گیا جو اس مسئلہ پر اپوزیشن کے ایک گوشہ اور حکومت کے درمیان میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا۔ مہتاب کی جانب سے بحث کے آغاز کے بعد وینکٹیش نے جیسے ہی خطاب کیا کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان نے ایوان سے واک آوٹ کردیا۔ مہتاب نے دعویٰ کیا کہ اس حقیقت کے باوجود کی اس معاملت میں رقمی ہیرپھیر بشمول ورجن آئیلیڈس 14 ممالک تک پھیلی ہوئی ہے لیکن ایرسل ۔ میگزیس معاملت پر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا۔ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے بھی تاحال کوئی چارج شیٹ پیش نہیں کئے ہیں۔ مہتاب کے خطاب کے دوران ٹی ایم سی کے رکن سوگتہ رائے اور دیگر چند ارکان نے خلل اندازی کی۔ مہتاب نے دعویٰ کیا کہ اس معاملہ میں چونکہ یو پی اے II کے چند طاقتور اور بااثر افراد بھی مبینہ طور پر ملوث ہیں، چنانچہ معاملت پر کوئی کارروائی نہ کرنے کو یقینی بنانے کیلئے بی جے پی اور کانگریس میچ فکسنگ کرچکے ہیں۔ قبل ازیں اسپیکر نے کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے اور ٹی ایم سی سوگتہ کھرگے اور ٹی ایم سی رکن سوگتہ رائے کی طرف سے اٹھائے گئے پوائنٹ آف آرڈر کو مسترد کرتے ہوئے بحث جاری رکھنے کی اجازت دی۔