جکارتہ ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایرایشیا کا ایک اور طیارہ اس وقت حادثہ سے بال بال بچ گیا جب ٹیک آف سے قبل ہی اس کے انجن میں خرابی کا پتہ چل گیا۔ سرابیا سے اڑان بھرنے والا طیارہ رن وے پر ہی تھا اور اس میں 120 مسافرین سوار تھے۔ فوری طور پر طیارہ کو گیٹ کی جانب ریورس لیجایا گیا اور مسافرین کو اترنے کی ہدایت کی گئی جن کے چہروں پر خوف سے ہوائیاں اڑ رہی تھیں۔ جوانڈہ ایرپورٹ کے رن وے پر ٹیک آف سے قبل طیارہ دوڑ رہا تھا کہ اچانک ایک زوردار آواز کے ساتھ اس کا ایک انجن بند ہوگیا جس سے مسافرین میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی۔ انڈونیشیاء کے میٹرو ٹی وی نے یہ رپورٹ دی۔ سرابیا سے بنڈونگ جانے والے طیارے کو دوبارہ اس کے گیٹ کی جانب لے جایا گیا اور مسافرین کو اترنے کیلئے کہا گیا اور طیارہ میں موجود انجن کی خرابی کو دور کرنے کیلئے ہینگر روانہ کردیا گیا۔ اس طرح ایرایشیا کا طیارہ ایک بڑے حادثہ کا شکار ہونے سے بچ گیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ طیارہ کل رات 9 بجے روانہ ہونے والا تھا لیکن اس کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی گئی تھی۔