کولکتہ۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایرایشیاء کی بگڈوگرا سے کلوکتہ پہنچنے والی پرواز کو کولکتہ شہر کے ایرپورٹ پر ہنگامی طو رپر اتارنا پڑا۔ بنگلورو کے ہوائی اڈے پر ایک دھمکی آمیز فون کے وصول ہونے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ اس جہاز میں 179 مسافر اور 6 افراد کا جہاز کا عملہ موجود تھا۔ ان سب کو محفوظ طریقہ سے نیتاجی سبھاش چندر بوس عالمی ہوائی اڈے پر اتارلیا گیا۔ عوامی اڈے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بم کو ناکارہ بنانے والے ماہرین نے جہاز کی اچھی طرح تنقیح کی۔ ہوائی جہاز میں کوئی بھی دھماکو اشیاء نہیں پائی گئیں اس طرح یہ ایک جھوٹا فون کال ثابت ہوا۔ ایرایشیاء کے بنگلورو رکن کے ایک عہدیدار کو ایک گمنام فون آیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ اس کے کولکتہ سے بگڈوگرا جانے والے جہاز میں کوئی مشتبہ چیز دیکھی گئی ہے جس سے مسافرین کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس سلسلے میں ایرایشیاء کے دفتر سے رابطہ قائم نہ کیا جاسکا۔ کیوں کہ اس کے دفتر سے کسی نے بھی کال کا جواب نہیں دیا۔