لوزان (سوئٹزرلینڈ) ، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران اور چھ عالمی طاقتوں نے آج طئے شدہ پروگرام سے قبل نیوکلیر مذاکرات ختم کردیئے تاکہ ایرانی وفد کے ارکان کو اپنے صدر موصوف کی والدہ کی تجہیز و تکفین میں شرکت کا موقع ملے، جبکہ ایک سینئر روسی عہدہ دار نے کہا کہ فریقین کسی معاملت کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اعلیٰ روسی مذاکرات کار سرگئی ریابکوف نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ جہاں بعض اختلافات برقرار ہیں، وہیں یہ مذاکرات میں اصل کام کی تکمیل ہوجانے کی توقع تھی یہاں تک کہ بات چیت کا آئندہ ہفتے احیاء ہوجائے۔ ان کے ادعا کے فوری بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ پانچ روزہ اجلاسوں کا اختتام کیا۔