تہران۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے جنوبی صوبہ فارس میں شاپنگ سنٹر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں تقریباً 37 افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ٹی وی نشریات کے مطابق شیراز شہر میں دھماکہ کے ساتھ آگ بھڑک اٹھی۔ صوبائی ایمرجنسی آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضا علی منیش کے حوالے سے بتایا گیا کہ 15 زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔ ماہ رمضان میں عام طور پر رات کے وقت شاپنگ سنٹرس مصروف رہا کرتے ہیں کیونکہ خریداری اسی وقت ہوتی ہے۔ جنوری میں تہران میں ایک عمارت آتشزدگی کے بعد منہدم ہوگئی جس میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سرکاری عہدیداروں نے شارٹ سرکٹ کو حادثہ کی وجہ قرار دیا ہے۔