ایران کے دیسی ساختہ لڑاکا طیارہ ’’کوثر‘‘ کی نمائش

تہران ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) تہران میں ایک ’’ڈیفنس شو‘‘ کے دوران ایران نے پہلی بار اپنے ایک گھریلو ’’لڑاکا جہاز‘‘ کو پیش کیا۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر پیش کئے جانے والے مناظر کے مطابق صدر حسن روحانی کو ’’لڑاکا جہاز کوثر کے کاک پٹ میں بیٹھا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اس گھریلو لڑاکا طیارہ کو نیشنل ڈیفنس انڈسٹری ایگزہیبیشن میں پیش کیا گیا تھا۔ ایران میں اپنی نوعیت کا یہ لڑاکا طیارہ تمام عصری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے جس میں ہمہ مقصدی راڈار سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ ایران کی تسنیم خبر رساں ایجنسی نے یہ بات بتائی اور یہ بھی بتایا کہ لڑاکا طیارہ صد فیصد دیسی ساختہ یعنی ایران میں ہی تیار کیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق لڑاکا طیارہ ’’کوثر‘‘ نے اپنی کئی آزمائشی اڑانیں بھی مکمل کی ہیں اور اب نمائش میں لوگ جوق در جوق اسے دیکھنے کیلئے آرہے ہیں۔ اس موقع پر ایران کے وزیردفاع حاتمی نے بتایا کہ ایران اور عراق کی جنگ کے زمانے میں جو 80ء کے دہے میں ہوئی تھی، یہ سبق سیکھا کہ ہمیں اپنے دفاع کیلئے کسی دوسرے ملک پر اعتماد نہیں کرنا چاہئے بلکہ اپنی مدد آپ کرنی چاہئے کیونکہ ہمیں امریکہ اور اسرائیل سے بھی خطرہ تھا اور اب بھی ہے۔ ہم نے کم خرچ بالانشین کی بنیاد پر اپنا لڑاکا طیارہ خود تیار کیا ہے۔