اسلام آباد: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے دوسرے ممالک پر دہشت گردی کا الزام عائد کرنا حیران کن ہے ۔ سعودی عرب مملکت وزیر برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ایران پر دیگر ملکو ں میں دہشت گردی کاکارروائی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ایک ایسے ملک کا وزیر خارجہ دوسرے ممالک پر دہشت گردی کا الزام عائد کررہا ہے جو خود دوسرے ممالک میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے ۔
عادل الجبیر یہ بات پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ منگل کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہی ۔ عادل الجبیر سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ پاکستان آنے والے وفد میں شامل ہیں ۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی سے تہران کے الزام کے بارے میں سوال کیا تومحمود قریشی نے بتایا کہ ایران میں ہونے والے واقعہ پر پاکستان کو تشویش ہے او رپاکستا ن اس طرح کی کارروائی کی مذمت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایران ہمارا ہمسایہ ہے ۔
ہم ان کیلئے کوئی مسائل نہیں کھڑے کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم ان کی خود مختاری او رسالمیت کا احترام کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کریں گے ۔ شاہ محمود نے کہا کہ ایران کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت ہوتو پیش کرے ہم تعاون کریں گے ۔ دوسری طرف سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ایک حیران کن بات ہے کہ ایک ایسے ملک کا وزیر خارجہ دوسرے ممالک پر ایران میں دہشت گردی کا الزا م عائد کررہا ہے جو خود دوسرے ملکوں میں دہشت گردی کو فروغ دینے کا سب سے بڑا اسپانسر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گرد گروپوں کو اسلحہ او رتربیت فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ۷۹ء کے بعد ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ملک ہے او ر اس نے لبنان میں حزب اللہ اور یمن میں حوثیوں جیسے دہشت گردتنظیموں کو قائم کیا ہے۔ مسٹر عادل نے کہا کہ سعودی عرب خود دہشت گردی کا نشانہ بنتا جارہا ہے ۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے اس بیان پر ایران کو تاحال کو ئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے ۔