ایران کی بجائے تیل کی خریداری کیلئے دیگر متبادل بھی موجود : جان بولٹن

واشنگٹن ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ امریکہ نے ایران سے تیل نہ خریدنے پر تمام ممالک پر پابندی عائد کردی ہے جس کا 4 نومبر سے ہوگا، دوسری طرف امریکہ نے عراق اور ہندوستان جیسے ممالک کو ایران کی بجائے دیگر ممالک سے تیل خریدنے کا متبادل پیش کرنے میں بھی فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وائیٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہیکہ تمام ممالک جو ایران سے تیل کی خریداری کرتے ہیں، انہیں 4 نومبر سے اس سلسلہ کو برخاست کرنا ہوگا یا پھر امریکی تحدیدات کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ اسی دوران امریکی قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے وائیٹ ہاؤس کی نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران سے تیل کی خریداری کے موضوع پر ہندوستانی حکام سے بات چیت کی ہے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں نے بھی سینئر ہندوستانی عہدیدار سے بات کی ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ ہم یہ کوشش کررہے ہیں کہ ایران کی جگہ کسی دیگر متبادل ملک سے مارکیٹ کی جاریہ قیمت سے تیل کی خریداری کو ممکن بنایا جاسکے۔