ایران کی ابنائے ہرمز میں جنگی مشق

تہران ۔ 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) ایران کی بحریہ نے اپنی سالانہ جنگی مشق دفاعی اہمیت کی ابنائے ہرمز میں شروع کردی ہے ۔ یہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بڑی جنگی بحری مشق ہے ۔ ایران کے سرکاری ٹی وی پر کہا گیا ہے کہ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے آج کہا کہ جنگی مشق کی نقل و حرکت 20لاکھ مربع کلومیٹر میں بحرعمان سے بحر ہند تک ابنائے ہرمز کے قریب ہوگی ۔ تقریباً ایک تہائی تیل سمندر کے راستہ سے ابنائے ہرمز کے ذریعہ منتقل کیا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ ماضی میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ابنائے ہرمز سے تیل کی منتقلی خطرہ سے دوچار ہے لیکن اس جنگی مشق میں ایران کے پاسداران انقلاب شامل نہیں ہیں ۔ یہ ایک نیم فوجی تنظیم ہے جس پر امریکی بحریہ بحری جہازوں کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا کرتی ہے ۔ امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑہ بحرین میں تعینات ہے ‘ اس نے فوری طور پر اس درخواست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔