تہران ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک سینئر ایرانی اسپورٹس عہدہ دار کا کہنا ہے کہ ملک کے حکام نے مردوں کے اسپورٹس میچز دیکھنے کیلئے خواتین کی موجودگی پر امتناع کو جزوی طور پر برخاست کردیا ہے۔ نائب وزیر کھیل کود عبد الحمید احمدی کے حوالے سے سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے آج کہا کہ ایران کی اسٹیٹ سکیورٹی کونسل نے اُن کی وزارت کے ایک منصوبہ کو منظوری دے دی کہ خواتین اور فیملیوں کو بعض اسپورٹس ایونٹ میں موجود رہنے کی اجازت دے دی جائے۔ احمدی نے متنبہ کیا کہ تمام مقابلوں یا اسٹیڈیمس میں خواتین کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لیکن انھوں نے تفصیل بیان نہیں کی۔ یہ اعلان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ صدر فیفا سپ بلاٹر نے ایران سے اس سال کے اوائل اپیل کی تھی کہ اسٹیڈیمس میں فٹبال کا خواتین کی جانب سے مشاہدے پر پابندی کو ختم کردیا جائے۔ 1979ء کے انقلاب سے مینس اسپورٹس میچز دیکھنے سے خواتین کو روک دیا گیا۔ تاہم بیرونی خواتین کو مستثنا رکھا گیا۔