ایران کا نیوکلیر پروگرام ، ہر متبادل پر صدرامریکہ کا غور

واشنگٹن 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہاکہ وہ تمام متبادل کا حق بشمول فوجی کارروائی محفوظ رکھتا ہے تاکہ ایران کو نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جاسکے۔ حالانکہ ایران اور 6 عالمی طاقتوں نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ایرانی نیوکلیر پروگرام میں تخفیف کی جارہی ہے۔ وائیٹ ہاؤز کے پریس سکریٹری جے کارنی نے کہاکہ صدر امریکہ ہر متبادل کا حق محفوظ رکھتے ہیں، جس میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے تاکہ اپنی پالیسی کا مقررہ مقصد حاصل کرسکے لیکن اقدام کا انتخاب صدر امریکہ کا اختیار ہوگا۔ ایران نے نیوکلیر معاہدہ پر 20 جنوری سے عمل آوری کا اعلان کیا ہے۔ جے کارنی نے کہاکہ اہم قومی سلامتی مفادات داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ ہمارے حلیفوں اور دوستوں کی صیانت بھی خطرے میں ہے۔ جے کارکنی نے اشیاء کے معاوضہ میں تیل کی اطلاعات پر اظہار تشویش کیا۔