اقوام متحدہ ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں امریکہ کے نائب سفیر جوناتھن کوہین نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے اس بات کا خواہاں ہیکہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے برتاؤ پر اسے (ایران) سزاء دی جائے۔ یہ بات انہوں نے 2015ء کے ایران نیوکلیئر معاہدہ کے اطلاق کیلئے طلب کردہ ایک اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ملک جو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے تو اسے مستوجب سزاء قرار دیا جانا چاہئے تاکہ اسے بھی حالات کی سنگینی کا علم ہوسکے۔ اسلئے ہم اس بات کے خواہاں ہیں کہ سلامتی کونسل کے ارکان ایران پر تحدیدات عائد کئے جانے کیلئے تمام تر توانائیاں جھونک دیں اور ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں کیونکہ صرف اسی طرح ایران کو راہِ راست پر لایا جاسکتا ہے۔