ایران پر امریکی پابندی معاشی دہشت گردی:روحانی

تہران۔8 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے ملک کے تیل، تجارت اور دیگر شعبوں پر لگائے گئے پابندیوں کو ’معاشی دہشت گردی‘ قرار دیا ہے ۔ڈاکٹر روحانی نے دہشت گردی اور علاقائی تعاون سے متعلق افغانستان، چین، پاکستان ، روس اور ترکی کے پارلیمانی اسپیکروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ قدم ایک طرح سے ’معاشی دہشت گردی‘ ہے اور ان کی جانب سے لگائی گئی یہ پابندی غیر قانونی اور غیرانسانی ہے ۔ انہو ں نے کانفرنس میں شامل ممالک سے اس مسئلہ پر متحدہ فرنٹ تشکیل دینے کی اپیل کی۔ایران اور عالمی طاقتوں کے ساتھ ہوئے نیوکلیائی سمجھوتے سے امریکہ مئی 2015 میں نکل گیا تھا اور اس کے بعد امریکہ نے ایران پر تجارت سمیت مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی تھیں۔