ایران پر امریکی پابندیاں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

نیویارک۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 2019 ء کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق منگل کو امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل کے خریداروں پر پابندیوں کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چھ ماہ کی بلند سطح پر پہنچیں۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے کہا تھا کہ اب وہ ایسے کسی بھی ملک کو پابندیاں عائد کرنے سے استثنا نہیں دیں گے جو ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھیں گے۔ امریکہ نے گذشتہ برس نومبر میں ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایرانی تیل خریدنے والے ممالک کو آٹھ مرتبہ استثنا دیا تھا اور اب 2 مئی کو یہ ختم کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے امریکی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔ خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ان پابندیوں کی وجہ سے ایران کی سالانہ 50 ارب ڈالر کی آمدنی ختم ہو جائے گی۔ امریکہ الزام لگاتا ہے کہ ایران تیل کی آمدنی کا بڑا حصہ مشرق وسطی اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے خرچ کرتا ہے۔ اس وقت چین، ہندوستان جاپان، جنوبی کوریا اور ترکی ان ممالک میں شامل ہیں جو ایرانی تیل خریدتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں روزانہ 12 لاکھ بیارل تیل کی کمی ہوجائے گی تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کتنے ممالک امریکی اعلان کے باوجود ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھتے ہیں۔
مابعد رمضان مشرق وسطیٰ منصوبہ پر عمل متوقع
نیویارک۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے آج کہا کہ وہ جون کے آس پاس مشرق وسطیٰ سے متعلق امن تجاویز پیش کریں گے جس کا طویل عرصہ سے انتظار ہے اور اس میں فلسطینیوں کیلئے ٹھوس بزنس پلان شامل رہے گا۔ وہ ٹائم میگزین کے ایک فورم میں مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجاویز گزشتہ سال کے اواخر پیش کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن اسرائیل میں قومی انتخابات کے سبب معاملہ ٹل گیا تھا۔