ڈاؤس۔ /23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ایران نے متنازعہ نیوکلیر پروگرام پر اندیشوں کو دور کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاروں کو اس ملک کے دورہ اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خواہش کی ۔ مغربی ممالک کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنے کی کوشش کے طور پر صدر ایران حسن روحانی نے آج دوستی اور پرامن بقائے باہم کا پیام پہونچایا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران دیگر ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے اور وہ نیوکلیر ہتھیار نہیں چاہتا ۔
حسن روحانی نے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہران مغربی سرمایہ کاروں کے خیرمقدم کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے عالمی توانائی کے تحفظ کو فروغ دینے میں تعمیری تعاون کی پیشکش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کو تشدد کی مخالفت کرنی چاہیے ۔ ایران نے ماضی میں کبھی نیوکلیر ہتھیاروں کی خواہش نہیں کی اور نہ مستقبل میں ایسا کوئی منصوبہ ہے ۔ لیکن پرامن ٹکنالوجی کے حصول کا مقصد کبھی ختم نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی ایران بہتر روابط کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے شام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی تذکرہ کیا ۔