ایران نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ کی دستبرداری عالمی اتحادکو منتشر کردیگی

واشنگٹن۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اگر ایران کے نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ دستبردار ہوجاتا ہے تو اس صورت میں بین الاقوامی اتحاد مکمل طور پر منتشر ہوجائے گا۔ وائیٹ ہاؤز سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی جس میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر کانگریس نیوکلیئر معاہدہ پر اپنی منظوری نہ دے سکی تو ہندوستان اور چین جیسے ممالک ایران پر زیادہ دنوں تک تحدیدات عائد کرنے کے موقف میں نہیں ہوں گے۔ وائیٹ ہاؤز پریس سیکریٹری جوش ارنیسٹ نے کہا کہ آئندہ دیڑھ سال کے عرصہ میں امریکہ میں نئے صدر کی تقرری کے بعد عالمی منظر عامہ بدل سکتا ہے اور ایران کے اس معاہدہ کے مطابق کارروائی کرنے کے باوجود امریکہ معاہدہ سے دستبردار ہوسکتا ہے جس سے بین الاقوامی اتحاد شدید طور پر متاثر ہوگا بلکہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اتحاد منتشر ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ حالیہ دونوں میں ری پبلیکن کے متعدد صدارتی امیدوار اپنی مہم میں یہ بیانات دے کر عوام میں بے چینی پھیلا رہے ہیں کہ اگر وہ منتخب ہوگئے تو امریکہ، ایران نیوکلیئر معاہدہ سے دستبردار ہوجائے گا۔ اس پس منظر میں جوش ارنیسٹ نے یہ بیان دیا۔