ایران نیوکلئیر معاملت کی پابندی کر رہا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم

واشنگٹن 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام )ایران اپنے نیوکلئیر معاہدہ کے تحت اپنی تمام ذمہد اریوں کو پورا کر رہا ہے اور اس معاہدہ کو برقرار رکھا جانا چاہئے ۔ اس معاہدہ کی اقوام متحدہ کی جانب سے بھی حمایت کی گئی ہے ۔ وزیر اعظم برطانیہ نے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی جو اتوار کو براڈ کاسٹ کیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم تھریسا مے نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ معاہدہ برقرار رہنا چاہئے ۔ اس کے علاوہ دوسرے جو ممالک اس معاہدہ کے حامی ہیں ان کا بھی یہ ماننا ہے کہ معاہدہ برقرار رکھا جانا بہتر ہوگا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس معاہدہ کے علاوہ کچھ دوسرے مسائل ہیں جن سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیالسٹک میزائیل کا مسئلہ ہے ‘ علاقہ میں ایران کے تسلط کا مسئلہ ہے جس سے سارا علاقہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل پر توجہ دیتے ہوئے ان کی یکسوئی کی جائے ۔ تھریسا مے نے یہ انٹرویو ایسے وقت میں دیا ہے جبکہ عالمی قائدین ایک ہفتہ طویل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی ملاقاتوں کیلئے جمع ہو رہے ہیں۔ اس اجلاس میں امکان ہے کہ ایران کے مسئلہ پر تفصیلی بات چیت ہوگی اور شمالی کوریا کے مسئلہ پر بھی سفارتی سرگرمیاں تیز ہونگی ۔ چہارشنبہ کو صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس کی پہلی مرتبہ صدارت کرینگے جو عدم پھیلاؤ کے مسئلہ پر منعقد ہو رہا ہے ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس موقع پر صدر ٹرمپ ایران کے مسئلہ پر زیادہ توجہ دینگے جس سے دوسرے عالمی قائدین اختلاف کرسکتے ہیں۔