تہران۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران میں ایک نجی یوگا کلاس میں حصہ لینے پر 30 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس گرفتاری نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔انھیں ایران کے شمالی شہر گورگن کی ایک نجی رہائش گاہ میں قید کیا گیا جہاں وہ بظاہر ایک مخلوط یوگا کلاس میں حصہ لے رہے تھے۔محکمہ قانون کے مقامی اہلکار مسعود سلیمانی کا کہنا تھا کہ یوگا انسٹرکٹر جنھیں گرفتار بھی کیا گیا ہے کہ پاس یوگا کلاس چلانے کا لائسنس نہیں تھا اور انھوں نے اس کلاس کی تشہیر انسٹاگرام پر کی تھی۔ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق محکمہ قانون کے اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس یوگا کلاس میں حصہ لینے والوں نے ’نامناسب لباس‘ پہنا تھا اور ان کا ’رویہ بھی نامناسب‘ تھا۔ ایران کی مذہبی انتظامیہ ملک میں کھیلوں کی مخلوط سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتی۔ ملک میں پیشہ وارانہ سطح پر یوگا کی تربیت پر بھی پابندی عائد ہے۔ مسعودسلیمانی جو ایرانی شہر گورگن میں اسلامی انقلاب کی عدالت کے ڈپٹی چیف ہیں نے ان زیر حراست افراد کے لباس اور رویہ کے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔