ایران میں پاسداران انقلاب ۔ داعش میں جھڑپ، 6 ہلاک

بیروت، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی ایران میں پاسداران انقلاب اور دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دونوں جانب سے تین تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔نیوز ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقلاب کے ایک ٹاپ کمانڈر کے حوالے سے بتایا کہ کل ہونے والی اس جھڑپ میں پاسداران انقلاب کے تین اور تین آئی ایس دہشت گرد مارے گئے ۔ پاسداران انقلاب کے سرکاری نیوز سائٹ ‘سپاہ نیوز ‘کے مطابق پاسداران انقلاب کی طرف سے حملہ کئے جانے سے پہلے ایران کی مغربی سرحد پار کرکے یہاں پہنچنے والے 21 آئی ایس جنگجوؤں کی ایک ٹیم کا پتہ چلا۔نیوز ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقلاب کے زمینی افواج کے سربراہ جنرل محمد پاکپور کے حوالہ سے بتایا کہ اس دوران 16 دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہو گئے ۔ ان دونوں کو بھی گھیر لیا گیا ہے ۔ گزشتہ سال جون میں، آئی ایس دہشت گردوں نے تہران میں پارلیمنٹ اور ملک کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کی قبر پر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ۔ اس حملے میں حملہ آور عراقی سرحد کے قریب مغربی ایران کے کرد علاقے کے ایرانی کرد تھے ۔