تہران ، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس ملک میں ممکنہ طور پر جان لیوا ’مڈل ایسٹ ریسپریٹری سنڈروم‘ وائرس کے اولین دو کیسوں کا پتہ چلا ہے جبکہ یہ مرض سب سے پہلے دو سال قبل سعودی عرب میں تشخیص ہوا تھا۔ ایک ایرانی اخبار نے آج وزارت صحت کے عہدہ دار کے حوالہ سے کہا کہ جنوب مشرقی ایران کے کرمن میں دو بہنیں اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
تیونسی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر حملہ
چار سکیورٹی گارڈز ہلاک
تونیس ، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تیونسی وزیر داخلہ لطفی بن جدو کی رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں مکان کی سکیورٹی پر مامور کم سے کم چار محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق لطفی کی رہائش گاہ پر یہ پہلا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ دہشت گردوں نے وسط مغربی شہر قصرین کی الزھور کالونی میں وزیر داخلہ کو نشانہ بنایا، تاہم وہ موقع پر موجود نہیں تھے لیکن حملے میں ان کے چار باڈی گارڈ ہلاک ہو گئے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کے وقت گھر میں کون کون موجود تھے کیونکہ وزیر داخلہ خود زیادہ وقت دارالحکومت تونیس میں رہتے ہیں، تاہم ان کے اہل خانہ قصرین ہی میں مقیم ہیں۔ واقعے کے فوری بعد سکیورٹی والوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔