ایران میں غیرقانونی طور پر محروس دو ہندوستانی رہا

وڈودرہ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے زنجان شہر میں جن دو ہندوستانیوں کو مبینہ طور پر ایک گیسٹ ہاؤس میں محروس رکھا گیا تھا، انہیں رہا کردیا گیا۔ ایک خانگی انجینئرنگ کمپنی نے انہیں محروس کر رکھا تھا جن میں وڈودرہ کا ساکن 36 سالہ سنکیت پنڈیا اور ہریانہ کا ساکن محمد حسین خان شامل ہیں۔ یہ دونوں ایران میں ایک ہندوستانی کمپنی میں برسرکار تھے، لیکن کمپنی نے ان کے پاسپورٹس حاصل کرلئے اور کمپنی کے ساتھ ایک تجارتی تنازعہ کی بنیاد پر انہیں گذشتہ ایک ماہ سے محروس کر رکھا تھا۔ گذشتہ ہفتہ سنکیت کی اہلیہ پریتی اور اس کے بھائی دلیپ پاٹھک نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب تحریر کیا تھا اور مرکزی حکومت سے رجوع ہوتے ہوئے درخواست کی تھی کہ دونوں محروس افراد کی رہائی کیلئے حکومت اپنا اثروروسوخ استعمال کرے۔ بعدازاں تہران میں ہندوستانی سفارتخانہ کے عہدیداروں نے دونوں ہندوستانیوں سے رابطہ قائم کیا اور دونوں کو ہفتہ کی شام کو ایران کے دارالخلافہ لانے کے انتظامات کئے اور اس طرح اپنی ’’رہائی‘‘ کے بعد دونوں ہندوستانی ایک ہوٹل میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ پریتی نے بتایا کہ اس نے اپنے شوہر سے کل فون پر بات کی تھی جس کے بعد یہ پتہ چلا کہ دونوں یعنی سکنیت اور خان اپنی رہائی کے بعد بے حد مسرور ہیں۔