ایران میں سرمایہ کاری پر کمپنی مفادات کا تحفظ

امریکی تحدیدات کے اثر سے بچانے کا ادعا : دھرمیندر پردھان
نئی دہلی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اگر ہندوستانی کمپنیوں پر ایران میں سرمایہ کاری کی وجہ سے تحدیدات عائد کرتا ہے تو ہندوستان ان کمپنیوں کے معاشی مفادات کا تحفظ کریگا ۔ وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے یہ بات کہی ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے او این جی سی ‘ انڈین آ:یل کارپوریشن اور آئیل انڈیا لمیٹیڈ کے علاوہ دو چینی کمپنیوں کے نام ایران کے ساتھ تعلقات کی پاداش میں اس فہرست میں شامل کرلئے ہیں۔ ایسا کرنے سے ان کمپنیوں کے خلاف معاشی تحدیدات عائد ہونگی ۔ دھرمیندر پردھان نے کہا کہ ہندوستان اپنا خود کا موقف اختیار کریگا جو اس مسئلہ پر آزادانہ سفارتی موقف ہوگا ۔ انہو ںنے کہا کہ یقینی طور پر ان کمپنیوں اور ملک کے معاشی مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح رہیگی ۔ انہوں نے تاہم اس کی مزید تفصیل بتانے سے انکار کردیا اور کہا کہ اس طرح کے مسائل پر برسر عام تبادلہ خیال نہیں کیا جاسکتا ۔ امریکہ ایران تحدیدات قانون ان افراد ‘ بشمول بیرونی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کی گنجائش فراہم کرتا ہے جو ایران میں 20 ملین ڈالرس سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ امریکہ کے ادارہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے 1998 سے ایران کے ساتھ محکمہ توانائی تعلقات رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف کسی طرح کی تحدیدات عائد نہیں کی ہیں۔ امریکہ اور اس کے حلیف ممالک ایران پر نیوکلئیر ہتھیار کی تیاری کا الزام عائد کرتے ہوئے معاشی تحدیدات عائد کرچکے ہیں۔