ایران میں سازشی صحافیوں کو سزائیں

تہران ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی ایک عدالت نے پچھلے سال نومبر میں حراست میں لیے گئے متعدد صحافیوں کو ملک و قوم کے خلاف سازش کرنے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پانچ اور دس سال تک قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ عدالتی فیصلے پر نظرثانی کے لیے 21 روز کے اندر درخواست دی جاسکتی ہے۔ سزا پانے والے صحافی ایران میں اصلاح پسندوں کے مقرب ابلاغٰی اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ انہیں پچھلے سال نومبر میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر جیل میں ڈال دیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ملک کے خلاف سازش کے الزام میں داؤد اسدی کو 10 سال، احسان مزندرانی کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ احسان سفرائی اور عفرین شیتساز کو پانچ پانچ سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2010ء میں اسی نوعیت کے مقدمات کے تحت تین سال قید کی سزا کاٹ کر رہا ہونے والے صحافی عیسیٰ سھر خیز لاپتہ ہیں اور ان کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔