تہران ۔ 2 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ایران کے اندرونی پہاڑی علاقہ میں آج 5.2 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجہ میں 31 افردا زخمی ہوگئے ، برقی و موصلاتی لائینیں بھی بری طرح درہم برہم ہوئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے کہا کہ جنوبی تہران سے 700 کیلو میٹر دور واقع سیساخت ٹاؤن اس زلزلہ سے دہل گیا جس کے نتیجہ میں مقامی افراد خوف وسنسنی کی حالت میں سڑکوں پر نکل آئے ۔ اس ٹاؤن کی آبادی 10,000 ہے جہاں زلزلہ کے سبب کئی عمارتوں کے دیواروں میں شگاف پڑ گئے ہیں۔ نیم سرکاری خبررساں ادارہ اسنا نے صوبائی ہنگامی خدمات کے سربراہ جلال پورانفرد کے حوالے سے کہا کہ 15 افراد مختلف طبی مقامات کو منتقل کردیئے گئے ہیں۔ دیگر 13 زخمیوں کا مقامی طبی مرکز میں علاج کیا گیا۔ ایران زلزلوں سے بدترین متاثرہ خطرناک پٹی پر واقع ہے جہاں زلزلوں کے جھٹکے روزمرہ کا معمول ہیں۔
مغربی ایران میں گزشتہ سال نومبر کے دوران 7.2 شدت کے زلزلہ میں 600 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ 2003 ء میں تاریخی شہر ہام میں 6.6شدت کے زلزلہ سے 26000 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔