ایران میں خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی

تہران18 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے کہا ہے کہ مرد ٹیموں کے درمیان مقابلے کے دوران خواتین کو تماشائیوں کے طور پر گرائونڈ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے باوجود اگر کوئی خاتون میچ دیکھنے گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ایرانی وزیر داخلہ مسٹر رحمانی فضلی نے کہا کہ خواتین کے میچ دیکھنے کے لیے کسی قسم کی اجازت دینے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ وزارت اسپورٹس و امور نوجوانان اپنی پالیسی پر قائم ہے۔ مرد ٹیموں کے درمیان میچوں کے دوران خواتین تماشائیوں کو گرائونڈ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر کی جانب سے یہ افواہ پھیلائی گئی ہے کہ خواتین کو میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی۔ ہم واضح کر رہے ہیں کہ حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں پتا چلا ہے کہ خواتین اور سول سوسائٹی کے لوگ وزارت کھیل و امور نوجوانان کے سامنے خواتین کو میچ دیکھنے سے روکنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی تیاری کر رہے ہیں۔ پولیس کو ایسے کسی بھی مظاہرے کو منظم کرنے سے سختی سے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ پیشتر صدر حسن روحانی نے اپنی بعض سخت گیر پالیسیوں میں تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خواتین کے کھیل کے میدان میں میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں۔ صدر کی معاون خصوصی برائے امور خواتین شہیندخت ملارودی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر کے حکم سے ایک نیا فرمان جاری کیا گیا ہے جس میں خواتین کو کھیل کے میدان میں میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم صدر حسن روحانی شدت پسندوں کے سامنے جھک گئے اور انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔