ایران میں بچی کا اغواء اور قتل کرنے والے ملزم کو پھانسی

تہران ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں آج ایک ایسے درندہ صفت شخص کو تختۂ دار پر لٹکا دیا گیا جو ایک 6 سالہ افعان بچی کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث تھا۔ اس واقعہ نے پورے ملک میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق متوفی بچی سیتایش قریشی کو اپریل 2016ء میں ورامن موضع سے اغواء کیا گیا تھا۔ ملزم امیر حسین نے بعدازاں بچی کی عصمت ریزی اور قتل کردیا تھا۔ اس وقت ملزم کی عمر صرف 17 سال تھی۔ یاد رہیکہ ایران میں عصمت ریزی، قتل اور منشیات کی اسمگلنگ پر سزائے موت دی جاتی ہے۔ کم عمر اور نابالغ بچوں یا بچیوں کے خلاف کئے گئے سفاکانہ جرائم کے ملزمین کو سزائے موت کا مستوجب قرار دیا جاتا ہے لیکن اگر ملزم 18 سال سے کم عمر کا ہے تو اس کے 18 سال مکمل ہونے تک سزاء پر عمل آوری نہیں کی جاتی۔