ایران میں بحری جنگی جہاز تیار!

تہران ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کا ملک کے اندر تیار کیا جانے والے تباہ کن قسم کا جنگی بحری جہاز سمندر میں اتار دیا گیا ہے۔ ایرانی ٹیلی ویژن کے مطابق اس جہاز کی تیاری پر چھ برس کا عرصہ لگا۔ اس کا وزن تیرہ سو ٹن اور لمبائی چھیانوے میٹر ہے۔ شمالی ایران میں ایک بلند پہاڑ ساہند کے نام پر جہاز کا نام رکھا گیا۔ اس جہاز پر ہیلی پیڈ کے علاوہ راڈار نظام بھی نصب ہے۔ ساہند پر زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل نظام کو بھی نصب کیا گیا ہے۔ یہ جہاز پچیس ناٹ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ورلڈ ایڈز ڈے
اقوام متحدہ ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)دنیا بھر میں آج یکم دسمبر کو ایڈز کا عالمی دن منایا گیا۔ یو این ایڈز کے مطابق ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد سینتیس ملین کے لگ بھگ ہے۔ تاہم یو این ایڈز پروگرم نے خبردار بھی کیا ہے کہ اس بیماری کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی کوششیں سست روی کا شکار ہو رہی ہیں۔ یہ دن اس مہلک بیماری اور ایچ آئی وی وائرس کے خلاف آگاہی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایڈز کا شکار ہونے والوں کو بھی یاد کیا جاتا ہے۔ یہ دن گزشتہ تیس برسوں سے منایا جا رہا ہے۔