ایران میںیورینیم کا اِسٹاک 950 ٹن تک پہنچ گیا

تہران۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی نیوکلیئر ایجنسی کے سربراہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے یورینیم افزودگی کا جو ارادہ کیا تھا، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہمارے پاس 950 ٹن کا ذخیرہ جمع ہوگیا ہے۔ ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ ایران نے یورنیم کا 400 ٹن کا اسٹاک درآمد کیا ہے جس کا سلسلہ ایران کے مغربی طاقتوں کے ساتھ 2015ء نیوکلیئر معاہدہ سے شروع ہوا تھا اور اب اس کا اسٹاک تقریباً 950 ٹن تک پہنچ گیا ہے جو ایران کے لئے ایک طویل مدتی سینٹریفیوج مشینوں کے ذریعہ یورینیم افزودگی کے لئے کافی ہوگا تاہم ماہ مئی میں جب امریکہ نے ایران نیوکلیئر معاہدہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی، اس کے بعد ایران نے یورینیم افزودگی میں اضافہ کا عزم کرلیا تھا تاکہ اس معاہدہ سے وابستہ دیگر ممالک پر معاہدہ سے جڑے رہنے دباؤ ڈالا جاسکے۔