ایران معاہدہ پر صبر و تحمل برتنے اوباما کی اپیل

پنامہ سٹی ۔ 12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ بارک اوباما نے ایران کے ساتھ معاہدہ کے مخالفین سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایک تاریخی معاہدہ کو ناکام بنانے کی کوشش نہ کریں۔ اپنے کٹر حامی ری پبلکنس کے علاوہ امریکہ میں اپنے مخالفین سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے اعلیٰ ترین قائد آیت اللہ علی خامنہ ای نے انتباہ دیا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ معاہدہ طئے پاجائے گا ۔ اوباما نے امریکہ کی چوٹی کانفرنس کے دوران پنامہ سٹی میں علحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی سمجھ میں نہیں آتا کہ کیوں ہر شخص امکانی ناکامی کے بارے میں سخت جدوجہد کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپیل کرناچاہتے ہیں کہ ہمیں انتظار کرنا اور دیکھنا چاہیئے کہ آخر یہ معاہدہ کیا ہے اور اگر درحقیقت مطمئن نہ ہوں کہ اس سے ایران کے نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کی راہ بند نہیں ہوتی تو امریکہ اس پر دستخط نہیں کرے گا ۔ 2اپریل کو کئی ماہ کے طویل مذاکرات کے بعد ایران اور 6عالمی طاقتوں نے معاہدہ کے ایک وسیع خاکے پر اتفاق رائے کیا تھا جس کے تحت ایران پر عائد سخت معاشی تحدیدات برخواست کردی جائیں گی ۔ اوباما نے کہا کہ انہیں اس بات کی فکر ہے کہ محض بغض و عناد کی بناء پر اس معاہدہ کی مخالفت نہ کی جائے اور دیکھا جائے کہ دلائل لازمی طور پر اس معاہدہ کو ناکام بنانے کیلئے پیش کئے جاتے ہیں یا نہیں ۔ چھ عالمی طاقتوں اور ایران نے جون تک قطعی معاہدہ کرنے کا تیقن دیا ہے ۔