ایران عوام کے حقوق کا احترام کرے: امریکہ

واشنگٹن۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایران کی قیادت سے اپنے شہریوں کے احتجاج و مظاہرہ کے حقوق کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے ۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرس نے گزشتہ چھ دنوں سے ایران کے کئی شہروں میں جاری مظاہرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایرانی عوام کی حمایت کرتا ہے اور وہاں کی حکومت سے اپیل کرتا ہے کہ وہ تبدیلی کیلئے پرامن مظاہرہ کرنے والے اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔اس درمیان ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ حکومت مخالف مظاہروں کے پیچھے ملک کے دشمنوں کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کل ہفتہ واری ملاقات کے دوران کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک مخالف طاقتیں فنڈز، ہتھیار، سیاست اور سیکورٹی آلات کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے سامنے مسئلہ پیدا کرنے کیلئے متحد ہوئی ہیں۔