واشنگٹن 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے دوران پنٹگان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک جنگی جہاز اور ایک پیٹریاٹ ائر ڈیفنس میزائیل مشرق وسطی میں متعین کر رہا ہے تاکہ ایران کی جانب سے علاقہ میں موجود امریکی افواج کے خلاف کسی بھی امکانی کارروائی کے خطرات سے نمٹا جاسکے ۔ پنٹگان نے کہا کہ یہ اشارے مل رہے ہیں کہ ایران نے علاقہ میں اپنی جنگی تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ہے اور بہت ممکن ہے کہ وہ وہاں امریکی افواج یا امریکی مفادات کو نشانہ بنائے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے بھی اپنے احتیاطی اقدامات شروع کردئے ہیں۔ امریکہ نے علاقہ میں اب یو ایس ایس ارلنگٹن روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعہ جنگی گاڑیاں اور طیاروں کے علاوہ ایک پیٹریاٹ ائر ڈیفنس میزائیل سسٹم بھی روانہ کیا جائیگا ۔ یہ بحری جہاز اب وہاں یو ایس ایس ابراہم لنکن کیرئیر گروپ سے جا ملے گا ۔ پنٹگان سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اضافی فوجی دستوں اور جنگی آلات کی تعیناتی کیلئے امریکی سنٹرل کمانڈ کی درخواست پر منظوری دیدی گئی ہے پنٹگان کی جانب سے دلاقہ میں ایرانی حکومت کی سرگرمیوں پر بھی قریبی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ کوئی تصادم نہیں چاہتا لیکن وہ علاقہ میں امریکی افواج اور اپنے مفادات کی حفاظت کیلئے بھی خود کو تیار کر رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے ایرانی حکومت کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے ۔ آپریشنل سکیوریٹی کی وجہ سے امریکہ اپنی افواج کی تعیناتی یا ان کی منتقلی اور سرگرمیوں کے تعلق سے فی الحال کچھ بھی کہنے کو تیار نہیں ہے ۔ یو ایس ایس ارلنگٹن ایک سان انٹونیو کلاس کا بحری جہاز ہے جو امریکی فوجیوں ‘ اسلحہ ‘ مسلح گاڑیوں اور روایتی کرافٹ وغیرہ کو درکار مقامات پر منتقل کرتا ہے ۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور دونوں ہی ایک دوسرے کو تنقیدوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔