واشنگٹن 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج کہا کہ ایران کے متنازعہ نیو کلیر پروگرام سے نمٹنے کے معاملے میں ڈپلومیسی بہترین راستہ ہے ۔ انہوں نے یہ بات ایسے وقت کہی جبکہ دو دن قبل تہران کے ساتھ معاہدہ کو قطعیت دی گئی ۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں نے تاریخی معاہدہ کے خد و خال کو قطعیت دے دی جس میں ایران کے نیو کلیر پروگرام سے موثر طور پر نمٹا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ معاشی تحدیدات ختم کردی جائے گی ۔ بارک اوباما کو اس معاملت کے بارے میں امریکی عوام کے اندیشوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں مذاکرات ہی بہتر راستہ ہوسکتا ہے ۔ اوباما کے ریپبلیکن حریفوں کو اس معاملت کے تعلق سے اندیشے لاحق ہیں۔