واشنگٹن۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی طرف سے سائبر حملے کئے جا سکتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی اور انٹلیجنس ماہرین کے مطابق واشنگٹن کی طرف سے ایران پر پابندیوں کی بحالی کے بعد ایسے امکانات ہیں کہ ایران امریکہ کو سائبر حملوں کا نشانہ بنائے گا۔ تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ البتہ امریکہ اسے یکطرفہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔ عالمی نیوکلیئر معاہدہ سے امریکی دستبرداری کے بعد سے ان دونوں ممالک میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھ چکی ہے۔
نجیب رزاق نے الزامات مسترد کر دیئے
کوالالمپور۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق نے بدعنوانی کے نئے الزامات کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ کوالالمپور کی ایک عدالت نے کرپشن کی متعدد دفعات کے تحت رزاق پر باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ رزاق 4.5 بلین ڈالر کی خرد برد میں ملوث ہوئے۔ نجیب پر اپنے دور اقتدار میں طاقت کے ناجائز استعمال کا بھی الزام ہے ۔ وہ 2009 ء سے رواں برس جولائی تک وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہے تھے۔ اگر ان پر الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پندرہ برس کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔