ایران جوہری پروگرام: 18 ستمبر سے مذاکرات کا نیا دور

ویانا ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی طاقتوں اور تہران حکومت کے درمیان متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام پر بات چیت کا اگلا دور 18 ستمبر سے شروع ہو گا۔ اِس مرتبہ یہ مذاکرات ویانا کے بجائے امریکی شہر نیویارک میں ہوں گے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے ترجمان مائیکل مان کے مطابق نیویارک میں منعقد شدنی بات چیت میں عالمی طاقتوں کے وفد کی قیادت یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کریں گی۔ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر جو عالمی طاقتیں بات چیت کے عمل میں شریک ہیں، اُن میں اقوام متحدہ کے ادارہ سکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے ہمراہ جرمنی شامل ہے۔ سلامتی کونسل کے پانچ ارکان میں فرانس، امریکہ، چین، روس اور برطانیہ شامل ہیں۔ اِس مذاکراتی دور کی امریکی حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے بات چیت کے حوالے سے بتایا کہ 18 ستمبر سے شروع ہونے والی بات چیت اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک اِس میں عالمی طاقتوں کے وزراء شامل نہیں ہو جاتے۔ ہارف نے متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام پر وزارتی سطح کی بات چیت کی تاریخ کا نہیں بتایا ہے کہ یہ کب ممکن ہو سکے گی۔