واشنگٹن۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج اسلامی جمہوریہ ایران اور لبنان کی ایران کی حمایت یافتہ نیم فوجی تنظیم حزب اللہ کو ’’دہشت گردوں کی فہرست‘‘ سے خارج کردیا۔ بنجامن نیتن یاہو کی پارٹی کو اسرائیل کے عام انتحابات میں زبردست کامیابی حاصل ہونے کے بعد بارک اوباما نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قائد ملک کے پارلیمانی انتخابات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تقریروں میں انتشار پھیلا رہے تھے۔ لیکوڈ پارٹی کے قائد نے اسرائیلی عرب رائے دہندوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بارک اوباما نے اس کامیابی کے بعد روزنامہ ’’گارجین‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اُن کے انتشار انگیز تبصروں کی مذمت کی۔ بارک اوباما کی یہ تنقید فیس بُک کے صفحہ پر شائع کی گئی ہے، انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتہا پسند دائیں بازو کی حکومت کو اسرائیل ۔ عرب امن معاہدہ کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مملکت کے قیام کے بغیر اسرائیل ۔ عرب امن کا قیام ناممکن ہے۔