تہران ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ملک کے نیوکلیئر اور میزائل پروگرام پر کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ان سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ اگر امریکہ ایران پر عائد پابندیاں ختم کردے تواس کے ساتھ بات چیت ممکن ہے۔علی خامنہ ای کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انھوں نے کہا:’’ہم یہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں،ہم امریکہ سے مذاکرات نہیں کریں گے کیونکہ ان مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ الٹا نقصان ہوا ہے‘‘۔انھوں نے مزید کہا :’’ ہم انقلاب کی بنیادی اقدار پر کوئی مذاکرات نہیں کریں گے۔ہم اپنی فوجی صلاحیتوں پر بھی کوئی بات چیت نہیں کریں گے‘‘۔ان کے برعکس ایرانی صدر حسن روحانی نے قبل ازیں قدرے مفاہمانہ لب و لہجہ اختیار کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر امریکہ ان کے ملک پر عائد پابندیاں ختم کردے تو اس کے ساتھ مذاکرات ممکن ہیں۔ان سے دو روز پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی اسی قسم کا مفاہمتی بیان دیا تھا ایران کے ساتھ اس کے نیوکلیئر پروگرام پر ڈیل ہوسکتی ہے۔