تہران ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر حسن روحانی اور اُن کے بڑے حلیف کو آج سبقت حاصل ہوگئی جبکہ ایران کی طاقتور اسمبلی کیلئے منعقدہ انتخابات کے تحت تہران میں ڈالے گئے ایک تہائی ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ روحانی اور آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی (سابق صدر) کو 88 رکنی کمیٹی کیلئے دارالحکومت میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے۔ یہ کمیٹی اس ملک کے اعلیٰ رہنما کا تقرر کرتی ہے۔ تہران میں رائے دہندے اس اسمبلی کیلئے 28 امیدواروں میں سے 16 ارکان کو منتخب کررہے ہیں۔ استعمال شدہ 3.9 ملین بیالٹ پیپرز میں سے 1.5 ملین کی گنتی ہوجانے کے بعد رفسنجانی 692,000 ووٹوں کے ساتھ اول مقام پر ہیں۔ روحانی ذرا سا پیچھے 652,000 ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’اِسنا ‘ نے وزارت داخلہ کے حوالے سے شائع کئے ہیں، جو اسمبلی اور پارلیمنٹ کیلئے جمعہ کے انتخابات کی ذمہ دار ہے۔
افغان وزارت دفاع کے قریب حملہ، 9 افراد ہلاک
کابل ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)افغان دارالحکومت کابل میں وزارت دفاع کے قریب آج پیش آئے ایک طالبان خودکش حملہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے اور 13 دیگر کو زخم آئے ہیں، پولیس نے یہ بات کہی۔ یہ حملہ افغانستان کے شورش زدہ مشرق میں مہلک دھماکہ کے چند گھنٹوں بعد پیش آیا ہے (خبر سنڈے سپلیمنٹ کے اندرونی صفحہ پر)۔ کابل پولیس کے سربراہ عبدالرحمن رحیمی نے دھماکہ کے مقام پر کہا کہ نو افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوئے۔ طالبان نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔