ایرانی پائلٹ ‘ عراق میں لڑتے ہوئے ہلاک

تہران 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایرانی پائلٹ ‘ عراق میں لڑتے ہوئے ہلاک ہوگیا ہے ۔ ایران میں سرکاری ذرائع ابلاغ نے یہ اطلاع دی ہے ۔ عسکریت پسندوں کے خلاف لڑائی اور جھڑپوں میں یہ ایران کیلئے پہلا فوجی اور جنگی نقصان ہے ۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ پائلٹ باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کے دوران ہلاک ہوا ہے یا پھر زمین پر لڑائی کے دوران ۔ ارنا نے کہا کہ کرنل شجاعت علمداری مرجانی شہر سمارا میں شیعوں کے ایک مقدس مذہبی مقام کی حفاطت کرتے ہوئے ہلاک ہوگئے ۔ واضح رہے کہ ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پڑوسی ملک کو شیعہ قیادت والی نوری المالکی حکومت کو زوال سے بچانے کیلئے ممکنہ مدد فراہم کریگی

جسے عسکری گروپس کے فوجی حملوں کا سامنا ہے ۔ سمارا شہر بغداد کے شمال میں واقع ہے اور اس شہر میں امام عسکری کا روضہ مبارک ہے ۔ اس روضہ مبارک پر القاعدہ کی جانب سے 2006 میں حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہاں فرقہ واری تشدد شروع ہوگیا تھا ۔ ایرانی پائلٹ کی عراق میں ہلاکت کی اطلاع ایسے وقت میں آئی ہے جب ایران نے مسلسل یہ تردید کی کہ ایران عراق کی کوئی فوجی مدد کر رہا ہے ۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ عرقا کو ہتھیاروں اور دوسرے آلات کی صورت میں مدد فراہم کر رہا ہے ۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک عراق میں شیعہ مقامات کا تحفظ کریگا ۔