لندن ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے نیوکلیر پروگرام پر طویل المدتی معاہدہ کیلئے مذاکرات کا پہلا دور اگلے ماہ متوقع ہے۔ ایک مغربی سفارت کار نے برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ یہ بات چیت نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ہو گی۔ امریکی حکومت کے ترجمان نے بھی اس بیان کی تصدیق کی ہے۔ مغربی سفارت کار کے بقول بات چیت 18 فروری سے پہلے منعقد ہونے کا امکان کم ہے۔ اس سے قبل ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین ایک عبوری معاہدہ پر 20 جنوری سے عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔
انتخابات ملتوی کئے جائیں : تھائی الیکشن کمیشن
بنکاک ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی الیکشن کمیشن نے حکومت سے انتخابات کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ کمیشن کے مطابق ملک میں انتخابات کے حوالے سے ہنگامہ آرائی جاری ہے اور ان حالات میں اگلے ہفتے پولنگ کرانا ممکن نہیں ہے۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باوجود حکومت نے 2 فروری کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
فلپائن میں 17 مسلم باغی ہلاک
منیلا ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فلپائنی ملٹری نے آج کہا کہ اس نے 17 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا جو حکومت اور ملک کے بڑے مسلم باغی گروپ کے درمیان امن معاملت کے مخالف تھے ، جبکہ لڑائی دوسرے روز بھی جاری ہے ۔ علاقائی فوج کے ترجمان کرنل ڈیکسن ہرموسو نے کہاکہ زیادہ تر کیتھولک آبادی والے اس ملک کے مسلم جنوب کے دور اُفتادہ زرعی علاقوں میں سرگرم مسلم گروپ کے خلاف جارحانہ کارروائی میں زائد از 1,500 فوجی جوان مشغول ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ باغی گروپ کے 17 جنگجو اس ہفتہ کی جھڑپوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔