ایرانی نیوکلیئر پروگرام پر 30 جون تک سمجھوتہ کا امکان

ماسکو۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس نے آج اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عالمی طاقتیں اور ایران 30 جون کو مقررہ قطعی مہلت تک تہران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام پر ایک جامع سمجھوتہ تک رسائی حاصل کرلیں گے۔ ماسکو کے نیوکلیئر مذاکرات کار اعلیٰ نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کی جنیوا میں تازہ ترین ملاقات کے بعد کہا کہ مذاکرات میں قابل لحاظ پیشرفت ہوئی ہے۔ روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریاب کوف کے حوالہ سے ریانووستی خبررساں ادارہ سے کہا کہ ’’ہمیں یہ دیکھ کر اطمینان ہورہا ہے کہ ہر نئی ملاقات سے ایک نئی پیشرفت ہورہی ہے۔ اس اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے کہ 30 جون کو مہلت کے اختتام سے قبل ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سمجھوتہ ہوجائے گا‘‘۔