ایرانی نیوکلیئر سائنسدانوں کو نشانہ بنانا ترک کرنے کے لئے اسرائیل پر امریکی دباؤ

یروشلم۔ 2؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکہ مبینہ طور پر اسرائیل پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ اعلیٰ سطحی ایرانی نیوکلیئر سائنسدانوں کو چن چن کر ہلاک کرنا ترک کردے۔ کئی ایسے سائنسداں جو ایرانی کی جانب سے سیاسی مذاکرات کے لئے بیرون ملک گئے تھے، پُراسرار حالات میں ہلاک کردیئے گئے۔ یہ مسئلہ وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو کی صدر امریکہ بارک اوباما سے کل واشنگٹن میں ملاقات کا موضوع ہوگا۔ خبر رساں ادارہ ’سی بی ایس نیوز‘ کے نامہ نگار ڈان راویف کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کے محکمہ سراغ رسانی موساعد کے جانب سے گزشتہ کئی سال سے ایران کے اعلیٰ سطحی نیوکلیئر سائنسدانوں کو ہلاک کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے، تاہم اسرائیل نے اپنی ایسی کارروائیوں کا اعتراف کبھی نہیں کیا۔ تاحال کم از کم 5 ایرانی سائنسدانوں کا قتل ہوچکا ہے۔ ان کی کاروں میں بم نصب کئے گئے تھے جن پر وہ علی الصبح ملازمت پر جانے کیلئے سوار ہوا کرتے تھے۔