ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے جدید ترین امریکی فوجی سازوسامان اور اسلحہ کی فراہمی

واشنگٹن۔12 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کی جانب سے امریکی فوج پر حملوں کی دھمکیوں کے بعد امریکی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید ترین فوجی سازوسامان اور اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔جریدہ ’بزنس انسائیڈر‘ کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران خطے میں یہ امریکی فوج کی سب سے بڑی نمائش قرار دی جا سکتی ہے۔مشرق وسطیٰ میں ایران کی طرف سے خطرات کے پیش نظر امریکہ نے جو اسلحہ بھیجا ہے ان میں جدید ترین بمبار طیارے، چار بحری بمبارجہاز، بھاری بم گرانے کی صلاحیت والے طیارے، ڈرون طیارے،زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائلوں کی بیٹریاں اور دیگر جنگی آلات شامل ہیں۔امریکہ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے خطے میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی حماقت کی تو امریکہ طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریگا۔ اسی ضمن میں امریکہ نے اپنے مضبوط فضائی بیڑے کیلئے طیارہ بردار جہاز ’یو ایس ایس ابراہیم لنکن‘ کا انتخاب کیا۔ یہ بحری بیڑا جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہونے کے بعد نہر سویز عبور کرکے مشرق وسطیٰ میں داخل ہوچکا ہے۔ اس بحری بیڑے پر B-52 Stratofortress جیسے بڑے جنگی جہاز بھی موجود ہیں جوبھاری بم گرانے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ F-15C Eagle طیاروں کو بھی خطے میں امریکی مفادات اور تنصیبات کے دفاع کیلئے جنگی بیڑے پرمنتقل کردیا ہے۔بحری جنگی جہاز ’یو ایس ایس آرلنگٹن‘ بھی اس مہم میں شامل ہے۔ خشکی اورپانی میں استعمال ہونے والے وہیکل، زمین سے فضاء میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائلوں کی بیٹریاں بھی مشرق وسطیٰ میں منتقل کی گئی ہیں۔

روس میں سڑک حادثہ، چار افراد کی موت
ماسکو۔12 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی روس کے یاروسلاول علاقے میں دو گاڑیوں کے مابین ہوئی ٹکر میں چار افراد کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔بچاؤ کاروائی کے لئے کم از کم 21 راحتی کارکن اور سات آلات کا استعمال کیا گیا۔