تہران ۔30 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت خود ٹویٹر کا استعمال کر رہی ہے مگر عوام کیلئے اس کا استعمال روکا ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایرانی اسپیکر علی لاریجانی سے منسوب ’ٹویٹر‘ اکاؤنٹ کھولنے پر کہی۔ اگرچہ ایرانی میڈیا نے مذکورہ اکاؤنٹ کے حقیقی اور لاریجانی سے متعلق ہونے کی تردید کی ہے تاہم ایرانی حکومت کے اکثر عہدے داران Break Proxy پروگرام کے ذریعے ٹوئیٹر استعمال کر رہے ہیں۔جرمنی میں امریکی سفیر نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایرانی حکومت ٹوئیٹر استعمال کر رہی ہے مگر ایرانی عوام ایسا نہیں کر سکتے۔دسمبر 2017 میں بھڑکنے والے عوامی احتجاج کے بعد سے ایران میں سوشل میڈیا پر کڑی نگرانی نافذ کر دی گئی ہے۔اگرچہ ایرانی حکام نے سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’’ٹیلیگرام‘‘ پر پابندی عائد کی ہوئی ہے تاہم اب بھی 79% ایرانی صارفین نے Break Proxy پروگرام کے ذریعے اس کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔