ایرانی تیل پر پابندی کے اثرات

واشنگٹن 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے پیر کو ایران کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اس استثنیٰ کو ختم کررہا ہے جو ایران سے تیل خریدنے والے ملکوں کو حاصل تھا۔ ان ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے چند قریبی اتحادی ممالک بھی شامل ہیں جن کو ایران سے تیل کی خریداری مکمل طور پر بند نہ کرنے پر امریکی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ مائیک پامپیو نے کہاکہ ان اقدامات کا مقصد ’بہت سادہ اور صاف‘ ہے۔ ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ ایک ’غیر قانونی‘ حکومت کو اُس پیسے سے محروم کیا جائے جسے وہ گزشتہ چار دہائیوں سے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے استعمال کرتی رہی ہے اور ایران کو عام ملکوں کی طرف رویہ اختیار کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔ امریکہ کا یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کئی ماہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد سامنے آیا اور یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس کا اثر مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی محسوس کیا جائے گا اور شاید آپ کا بجٹ پر بھی اس سے متاثر ہوسکتا ہے۔